اسلام آباد:(دنیا نیوز) نہتے کشمیریوں پر مظالم کی انتہا، نسل کشی اور آبادی کا تناسب بدلنے کیلئے بھارت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ کا انکشاف ہوا ہے۔
کشمیر لیگل فورم کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ماورائے عدالت قتل کے بڑھتے وا قعات پر گول میز کانفرنس کا انعقاد کیاگیا۔
بھارت بے گناہ انسانوں کے قتل عام اور جنگی جرائم میں ملوث نکلا ، جعلی مقابلے بھارتی فوج کا معمول بن گیا، کشمیر لیگل فورم نے لندن پولیس کو دیا گیا ڈوزیئر جاری کر دیا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جنگی جرائم کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
لیگل فورم فار کشمیر کے ڈوزیئر میں کہا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران بھارتی فوج نے 111 جعلی مقابلوں میں سیکڑوں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا، عالمی برداری اورانسانی حقوق کے ادارے بھارتی آرمی چیف ، وزیر دا خلہ اور دیگر حکام کے خلاف جنگی جرائم کے قوانین کے تحت کارروائی کریں۔
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ 5 اگست کے بعد سے بھارتی فوج کو کشمیریوں کی نسل کشی کے احکامات دئیے گئے ہیں ، عالمی برادری اپنی مجرمانہ خاموشی ختم کرے ۔
مشتاق اسلام کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں آزادی کی آواز دبانے کے لیے مہلک ہتھیاروں کا استعمال کررہا ہے۔
ڈوزیئر میں مزید کہا گیا ہے کہ اسٹوک وایئٹ کی رپورٹ میں اس بات کے دو ہزار سے زائد ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں کہ بھارتی حکام جموں و کشمیر میں شہریوں کے خلاف جنگی جرائم میں ملوث ہیں۔