سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع کلگام کے علاقے حسین پورہ میں قابض بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر کے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کرکے دو نوجوانوں کو شہید کردیا۔
قابض بھارتی فوج نے انسانی حقوق کی سنگین پامالی کرتے ہوئے نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا۔ اہل خانہ اپنے پیاروں کی لاشیں وصول کرنے کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
واضح رہے کہ نئے سال کے آغاز سے ہی جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج نے مظالم کا سلسلہ تیز کردیا ہے اور دس روز میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد ایک درجن سے زائد ہوگئی ہے۔