سرینگر:(ویب ڈیسک)معصوم کشمیریوں کو شہید کرنے والے بھارتی فوجی نفسیاتی مسائل کا شکار ہوکر اپنی ہی جانوں کا خاتمہ کرنے لگے جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک اور بھارتی پولیس اہلکار نے خودکشی کرلی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سینٹرل ریزروپولیس فورس کے ایک اہلکار نے سرینگر کے علاقے کرن نگر میں واقع فوجی کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے گولی مار کر خودکشی کی ۔
واضح رہے کہ جنوری 2007سے مقبوضہ علاقے میں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 527ہوگئی ہے۔
دوسری جانب سری نگر کے علاقے شالیمار میں بھارتی قابض فوج نے گھر گھر تلاشی کے نام پرنہتے مسلمانوں پر مظالم کا سلسلہ جاری رکھا اور اسی دوران دو نہتے کشمیری نوجوانوں کو مشتبہ قرار دے کر گولیوں کا نشانہ بنا ڈالا جس سے دونوں نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔