اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کا فوری محاسبہ کرے،کشمیریوں کے ماورائے عدالت، جعلی مقابلوں اور تلاش آپریشنز میں قتل میں تشویشناک اضافہ ہوا اور شہداء کی میتیں لواحقین کی مرضی کے بغیر نامعلوم قبروں میں سپرد خاک کی جا رہی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے، بھارتی قابض فورسز نے جعلی مقابلوں میں مزید 6 کشمیری نوجوان شہید کر دیے، فورسز نے آج صبح 19 سالہ طالبعلم کو ضلع اسلام آباد میں شہید کیا، رواں ماہ دسمبر میں 18 معصوم کشمیری شہید کیے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض فوج نے مقبوضہ خطے میں اپنا جبر مزید تیز کر دیا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں عام شہریوں کی گرفتاریاں، رات گئے چھاپے مارے جاتے ہیں، کشمیریوں کی تذلیل، انہیں ہراساں کرنے کا سلسلہ بھی تیز ہو چکا ہے، کشمیریوں کے ماورائے عدالت، جعلی مقابلوں اور تلاش آپریشنز میں قتل میں تشویشناک اضافہ ہوا، شہداء کی میتیں لواحقین کی مرضی کے بغیر نامعلوم قبروں میں سپرد خاک کی جا رہی ہیں، شہداء کے جسد خاکی نامعلوم قبروں میں دفنانے کا سلسلہ اپریل سے جاری ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ رویہ بھارتیہ جنتا پارٹی، راشٹریہ سوایم سیوک سنگھ کے ذہنی دیوالیہ پن کا عکاس ہے، بھارتی مظالم، طاقت کا استعمال غیور کشمیریوں کو مرعوب نہیں کر سکتے، کشمیری پوری بہادری سے بھارتی ریاستی دہشتگردی، جبر کا مقابلہ کر رہے ہیں، کشمیری اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں کے تحت حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کا فوری محاسبہ کرے، اقوام متحدہ کمیشن آف انکوائری سے تحقیقات کروائی جائیں، تحقیقات کے لیے انسانی حقوق کمشنر دفتر 2018، 2019ء کی رپورٹس میں سفارش کر چکا ہے۔