اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے قابض بھارتی فوجیوں کی طرف سے مزید دو کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ سری نگر میں 2 مزید کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل قابل مذمت ہے، ہم جعلی پولیس مقابلوں میں کشمیریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں بھارتی قابض افواج نے 19 کشمیریوں کو شہید کیا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ آر ایس ایس، بی جے پی کے جرائم یو این انکوائری کمیشن کے متقاضی ہیں، اقوام متحدہ اور دنیا بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے۔
واضح رہے کہ آج ایک اور واقعے میں مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں قابض بھارتی فورسز نے ایک کشمیری نوجوان کو شہید کیا، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی میں بھارتی ریاستی دہشت گردی بدستور جاری ہے۔
نوجوان کو بھارتی فوج کے دستوں نے ضلع کے علاقے سورنکوٹ میں پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور اسپیشل آپریشن گروپ کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں شہید کیا۔
دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے پلوامہ میں کریم آباد میں جموں و کشمیر ماس موومنٹ کے وائس چیئرمین عبدالمجید میر کے گھر پر چھاپا مار کر ان کے 16 سالہ بھتیجے دانش احمد کو گرفتار کر لیا ہے، دستے دانش کو اپنے ساتھ بارہ مولہ لے گئے۔