اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی قابض افواج نے آج پلوامہ میں دو کشمیریوں کو نام نہاد محاصرے اور تلاشی کے دوران شہید کیا، بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں گزشتہ ایک ماہ کے دوران کم از کم 18 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج نے گزشتہ ہفتوں میں مقبوضہ کشمیر میں اپنے جبر کو مزید تیز کیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، غیر قانونی گرفتاریاں اور حریت رہنماؤں کی نظر بندی جاری ہے، مقبوضہ علاقے میں سلامتی اور انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال عالمی برادری کے لیے تشویشناک ہے۔