مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں نایاب تیندوا زخمی حالت میں دریائے نیلم کے کنارے پر پڑا ملا، تیندوے کو شاہراہ نیلم سے گزرنے والی گاڑی نے ٹکر مار کر زخمی کر دیا۔
دار الحکومت مظفرآباد سے بیس کلو میٹر دور دریائے نیلم کے کنارے راہگیروں نے زخمی تندوا دیکھا۔ مقامی لوگوں نے جب تندوے کے قریب جانے کی کوشش کی تو وہ چلانے لگا۔ تیندوا دریا کنارے پھتروں اور پانی کے درمیان بیٹھا ہے اور حرکت کرنے سے معذور ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا یے کہ تیندوے کو شاہراہ نیلم پر رات کے وقت کسی گاڑی نے ٹکر مار کر زخمی کر دیا، تیندوا شدید زخمی ہے، وہ چل نہیں سکتا۔ ادھر محکمہ جنگلی حیات کے اہلکار تنیدوے کو بچانے اور اسے طبی امداد دینے کے لئے تاحال نہ پہنچ سکے۔ مقامی لوگ زخمی تیندوے سے فاصلہ رکھ کر سیلفیاں اور ویڈیوز بنانے میں مصروف ہیں۔
خیال رہے آزاد کشمیر میں تیندوے اکثر خوراک کی تلاش میں انسانی آبادیوں کا رخ کرتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زخمی تیندوے کی قسم نایاب ہے، انسانی آبادیوں کا جنگلات کے قریب جانے سے جنگلی جانور بالخصوص تیندوے آبادیوں میں خوراک کے لئے گھستے ہیں اور اکثر اوقات حادثات کے شکار ہو جاتے ہیں۔