اسلام آباد: (دنیا نیوز) رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف نور عالم خان نے پارٹی شو کاز نوٹس کا جواب دینے کے لئے 15 دن کا وقت مانگ لیا۔
نور عالم خان نے پرویز خٹک کو خط لکھ کر جواب کے لئے وقت مانگا۔ خط کے متن میں کہا گیا کہ آپ کا 17 جنوری کو شوکاز نوٹس ملا، میں کرونا کا شکار ہو گیا ہوں، آئندہ 15 روز میں شوکاز نوٹس کا جواب دوں گا۔ نور عالم خان نے کورونا مثبت کی رپورٹ بھی خط کے ہمراہ لف کر دی۔
خیال رہے صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پارٹی قیادت پر الزامات لگانے پر پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔
شوکاز نوٹس کے متن کے مطابق نور عالم خان کو 7 یوم میں شوکاز نوٹس کا جواب جمع کروانے کی ہدایت کی گئی اور کہا گیا نور عالم نے پارٹی قیادت پر الزامات لگائے جو میڈیا پر نشر اور شائع ہوئے، نور عالم دستاویزی ثبوت کے ساتھ اپنا وضاحتی جواب 24 جنوری تک جمع کروائیں۔
شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ نور عالم خان اپنے الزامات پر اپنی پوزیشن واضح کریں، 7 یوم میں جواب جمع نہ کروانے کی صورت میں پارٹی آئین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔