لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ عمران خان اپوزیشن سے بلیک میل ہونے والا لیڈر نہیں، مخالفین سڑکوں پر آکر اپنا وقت ضائع کرنے کی بجائے 2023 کے الیکشن کا انتظار کریں۔
گورنر پنجاب چودھری سرور سے چیرمین وزیر اعلیٰ شکایات سیل زبیر خان نیازی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت سے ایک دن بھی پہلے نہیں ہوں گے، عوام سے آوٹ اپوزیشن ان ہاؤس تبدیلی کا خواب دیکھنا چھوڑ دے، عمران خان پاکستان کے مقبول اور عوامی لیڈر ہیں، اپوزیشن ایک پیج پر نہیں ان سب کے اپنے اپنے پیج ہیں۔
چودھری سرور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ایمانداری پر مخالفین بھی انگلی نہیں اٹھا سکتے، عوام کو صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین حکومتی ترجیح ہے، پنجاب آب پاک اتھارٹی صوبے کے ہر فرد کے لیے صاف پانی کی فراہمی پر کام کر رہی ہے۔