لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی کرکٹرز عثمان خواجہ اور مارنس لمبوشین دورہ پاکستان کے لیے بیتاب ہیں۔
واضح رہے کہ 1998 کے بعد آسٹریلیا کی مردوں کی کرکٹ ٹیم کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے دورے کے دوران آسٹریلیا کی ٹیم تین ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور ایک ٹی 20 میچ کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی، دوسرا 12 سے 18 مارچ تک کراچی اور تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔
تین ایک روزہ میچز 29 مارچ، 31 مارچ اور 2 اپریل کو راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ سیریز کے واحد ٹی 20 میچ کے لیے پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 5 اپریل کو راولپنڈی سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔
کرکٹ آسٹریلیاکو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران عثمان خواجہ نے کہا کہ پاکستان کا دورہ آسٹریلیا کی کرکٹ کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔کینگروز کو دورہ کیے طویل عرصہ گزر چکا ہے۔ میرے خیال میں جب ہم آخری بار وہاں گئے تھے تو مارک ٹیلر نے 334 رنز بنائے تھے اور یہ بہت لمبا عرصہ لگتا ہے۔
یاد رہے کہ عثمان خواجہ پاکستان میں پیدا ہوئے تھے لیکن ان کا خاندان بعد میں آسٹریلیا نقل مکانی کرگیا تھا اور شاید یہی وجہ ہے کہ اس دورے کا انہیں شدت سے انتظار ہے۔
انٹرویو کے دوران ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا ابھی بھی کافی خاندان کراچی میں ہے۔ میں وہاں پیدا ہوا تھا تو وہاں جانا ایک اچھا اور خاص لمحہ ہوگا۔
Speaking ahead of the upcoming tour of Pakistan, Usman Khawaja says it will be "special" to play in the country he was born in. pic.twitter.com/FBnDmXsRTJ
— cricket.com.au (@cricketcomau) February 8, 2022
دوسری طرف ٹیسٹ میں عالمی نمبر ون بیٹر مارنس لمبوشین بھی پاکستان کے دورے کے حوالے سے پرجوش ہیں۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں لمبوشین نے کہا کہ مجھ سے وہاں جانے کا انتظار نہیں ہورہا، وہاں جاؤں کنڈیشنز دیکھوں اور رنز بناؤں۔ ان کے پاس برصغیر میں کھیلنے کا تجربہ نہیں ہے لیکن وہ جانتے ہیں کہ پاکستان کی پچوں پر کھیلنے سے پہلے انہیں سپن کھیلنے کی پریکٹس کرنا ہوگی۔ مجھے امید ہے کہ سب کچھ آرام سے ہوجائے گا اور ہم وہاں جائیں گے اچھی کرکٹ کھیلیں گے اور بین الاقوامی کرکٹ پاکستان میں واپس لائیں گے، مجھے یقین ہے کہ پاکستان کے لوگ کرکٹ سے لطف اندوز ہوں گے۔
واضح رہے کہ لمبوشین نے 2018 میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔