لاہور: (روزنامہ دنیا) پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل انگلینڈ کے کرکٹر جیمز ونس نے کہا ہے کہ اکتوبر میں شیڈول انگلینڈ ٹیم کا دورہ پاکستان پروگرام کے مطابق نہ ہوپانا مایوس کن تھا۔
اپنے ایک انٹرویو میں جیمز ونس نے کہا کہ وہ متعدد بار پاکستان آچکے ہیں، یہاں خود سکیورٹی انتظامات دیکھے اور ان کا پاکستان کے بارے میں ہمیشہ مثبت تاثر رہا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اکتوبر میں انگلش ٹیم پاکستان نہیں آئی تھی، اس خبر پر ان کا کیا ردعمل تھا تو انہوں نے کہا کہ ان فیصلوں میں پلیئرز کا عمل دخل نہیں ہوتا،یہ ان کے فیصلے ہیں جو اس کام کے انچارج ہوتے ہیں، کبھی کبھار آپ کی خواہش ہوتی ہے کہ معلوم کریں کہ دورہ کیوں نہیں ہوا مگر آپ کو جواب نہیں ملتا، یقینی طور پر یہ ایک مایوس کن لمحہ تھا لیکن وہ اس بات پر تبصرہ نہیں کرسکتے۔
جیمز ونس نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں انگلینڈ سے بڑی تعداد میں کرکٹرز شریک ہیں اور یقینی طور پر جب وہ اپنے ملک اور اپنی کاؤنٹیز میں واپس جائیں گے توہ اس دورے کے بارے میں اپنا تجربہ شیئر کریں گے۔