مسجد نبوی ﷺواقعہ، محمد یوسف اور شاہد آفریدی کا بھی جذباتی رد عمل آ گیا

Published On 29 April,2022 05:02 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) مسجد نبوی ﷺ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف اور شاہد آفریدی کا جذباتی رد عمل سامنے آ گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شاہد آفریدی نے لکھا کہ یہ وہ جگہ ہے جہاں آواز بلند کرنے کی بھی ممانعت ہے مگر ہم اپنی سیاسی دشمنیاں نبھانے کے لیے حرم کی حرمت تک بھول گئے۔

سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ریاست مدینہ کے تقدس سے بھی منکر ہو گئے۔ نعرے لگانے والوں کی پہچان تو ہو جائے گی لیکن پاکستان کی شناخت کو آج ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

دوسری طرف قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے بھی مسجد نبوی ﷺ میں پیش آنے والے واقعے پرافسوس کا اظہارکرتے ہوئے ٹوئٹ میں کہا کہ اسلام قبول کرنے کے بعد پہلی بار خانہ کعبہ کو دیکھ کر چیخ نکل گئی تھی۔

انہوں نے مزید لکھا کہ روضہ رسول ﷺپر آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے تھے۔ یہ وہ جگہیں ہیں جہاں پہنچ کر رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ روضہ رسول ﷺ پر جو کچھ ہوا وہ دیکھ کر پوری امت کی طرف سے اللہ تعالیٰ سے معافی مانگتا ہوں۔
 

Advertisement