نیویارک : (ویب ڈیسک ) شعبہ صحت میں پاکستان نے اہم اعزاز حاصل کر لیا، اس اعزاز کے تحت پاکستانی ڈاکٹر شہزاد بیگ کو دنیا کے 100 بااثرافراد کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر شہزاد بیگ کا نام ٹائم میگزین کی 2024 کی عالمی رہنماؤں کی فہرست میں شائع کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر شہزاد بیگ پاکستان میں انسداد پولیو پروگرام کے نیشنل کوآرڈینیٹر ہیں، عالمی سطح پر نامزدگی ڈاکٹر شہزاد کی قیادت اور پولیو خاتمے کے لیے کوششوں کا اعتراف ہے۔
پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں کے حوالے سے ٹیم کی قیادت کرنے سے قبل ڈاکٹر شہزاد بیگ نائیجیریا میں پولیو کے خاتمے کے پروگرام کے لیے ٹیکنیکل ایڈوائزر کے طورپر خدمات سرانجام دے چکے ہیں ، ان کی کوششوں کی وجہ سے نائیجیریا کو 2020 میں پولیو سے پاک قرار دیا گیا ہے۔
ٹائم میگزین نے ڈاکٹر بیگ کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں حکومت نے صرف ایک سال میں 9 کروڑ سے زائد بچوں کو ٹیکہ لگانے کے لیے 4 لاکھ ویکسی نیٹرز اور 80 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کیے ہیں۔
ڈاکٹرشہزاد بیگ کانام عالمی فہرست میں شامل ہوناعالمی سطح پرپاکستان کیلئے اہم ہے، ڈاکٹرشہزاد بیگ واحدپاکستانی ہیں جنہیں اس فہرست میں شامل کیاگیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کا خواب تاحال تعبیر نہیں پا سکا ہے، اس وقت دنیا کے صرف 2 ممالک ایسے ہیں جہاں پولیو وائرس کی منتقلی کے عمل پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے، ان میں پاکستان اور افغانستان شامل ہیں۔