قومی ویمنز ٹیم کو آخری میچ میں بھی شکست، آسٹریلیا کا کلین سویپ

Published On 21 January,2023 01:35 pm

سڈنی: (ویب ڈیسک) آسٹریلین ویمن ٹیم نے پاکستان کو تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں 101 رنز سے شکست دے کر ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کردیا۔

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے۔

آسٹریلوی پلیئر بیتھ مونی نے 133 جبکہ میگ لیننگ 72 اور تاہلیا میگرا نے 30 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے 3، ندا ڈار اور ڈیانا بیگ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

337 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 235 رنز ہی بنا سکی، یوں آسٹریلوی ٹیم نے پاکستان کو آخری ون ڈے میں بھی شکسے دوچار کرتے ہوئے سیریز میں کلین سویپ کر لیا۔