بی پی ایل : نسیم اور خوشدل کی شاندار پرفارمنس، کومیلا فتح سے ہمکنار

Published On 24 January,2023 02:20 am

میرپور : ( ویب ڈیسک ) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ ( بی پی ایل ) کے 22 ویں میچ میں کومیلا وکٹورنیز نے ڈھاکہ ڈومینیٹرز کو 60 رنز سے شکست دے دی، فاتح ٹیم کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں خوشدل شاہ اور نسیم شاہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

رپورٹس کے مطابق پیر کو شیر بنگلہ سٹیڈیم میرپور میں کھیلے گئے میچ میں نسیم شاہ نے بی پی ایل میں ڈیبیو پر 12 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ خوشدل شاہ کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ایونٹ کے 22 ویں میچ میں کومیلا وکٹورینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے، جونسن چارلس نے 32، خوشدل شاہ نے 17 بالوں پر 30 رنز کی اننگ کھیلی۔

کومیلا کے 165 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ڈھاکہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنا پائی، عثمان غنی 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، نسیم شاہ نے 4 جبکہ خوشدل شاہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔