کھلاڑیوں کے درمیان احترام کا رشتہ ضروری، الفاظ سے میچ نہیں جیتے جا سکتے: حفیظ

Published On 20 February,2023 08:59 am

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں ان کی کوشش ہو گی کہ کارکردگی سے اپنی سلیکشن کو درست ثابت کریں اور ساتھ ہی نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کریں تاکہ ان کو فائدہ ہو۔

تجربہ کار کرکٹر محمد حفیظ نے کہا کہ اس بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بننے پر وہ خوش ہیں، پی ایس ایل ایک بہترین برانڈ ہے جس میں شرکت کر کے اور پرفارم کر کے مزہ آتا ہے، یہ ایک بہت سخت ٹورنامنٹ ہے جس میں پرفارم کرنے کیلئے پوری تیاری کے ساتھ آنا پڑتا ہے، اگر تیاری کے ساتھ نہیں آئے تو پرفارمنس نہیں ہوگی۔

حفیظ کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز کے خلاف جیت سے اعتماد ملا ہے امید ہے اس سلسلے کو جاری رکھا جائے گا، کراچی کنگز کے خلاف میچ میں پلیئرز میں جیت کی بھوک نظر آرہی تھی، امید ہے اسی رویے کو دیگر میچز میں بھی برقرار رکھا جائے گا۔

تجربہ کار آل راؤنڈر نے کہا کہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہونے والے میچز ہمیشہ ہی زبردست ہوتے ہیں، پی ایس ایل کی تاریخ میں دیکھا جائے تو کوئٹہ اور پشاور کے میچز ہمیشہ آخری گیند تک گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کو اندازہ ہوگا کہ ایک دوسرے کے خلاف تگڑا میچ ہوتا ہے اور دونوں اچھے اعتماد کے ساتھ میدان میں اتریں گے، ٹیم کا کامبی نیشن کافی اچھا بنا ہوا ہے، کوئٹہ کے پاس بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں اچھے پلیئرز موجود ہیں۔
 

Advertisement