لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ کے ٹیم سابق ہیڈ کوچ وقار یونس نے لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کی بیٹنگ پر شدید تنقید کی ہے۔
سابق کرکٹر نے سرفراز احمد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لاہور قلندرز کے خلاف گلیڈی ایٹرز کو پہلے ہی کوئی خاطر خواہ آغاز نہ ملا، اسکے باوجود سرفراز احمد نے 28 گیندوں پر 27 رنز بنائے کیوں؟ اس سٹرائیک ریٹ کے ساتھ تو کامیابی نہیں مل سکتی۔
انہوں نے کہا کہ چھٹے نمبر پر کھیلنے والا پلئیر کم از کم 150 سے 160 کے سٹرائیک ریٹ سے فنش کرنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن سرفراز تو 100 کے سٹرائیک ریٹ سے کھیل رہے تھے۔
قبل ازیں گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی 7 وکٹیں پہلے 10 اوورز میں گر چکی تھیں تاہم سکندر رضا نے 34 گیندوں پر 71 رنز بنا کر ٹیم کا سکور 148 رنز تک پہنچا دیا تھا۔
جواب میں کوئٹہ نے شاندار آغاز کیا اور پاور پلے کے اندر ایک وکٹ کے نقصان پر 56 رنز بنائے لیکن حارث رؤف اور راشد خان کی جارحانہ باؤلنگ کی بدولت گلیڈی ایٹرز کی ٹیم محض 131 رنز تک محدود رہی اور میچ گنوا بیٹھی۔