لاہور : ( دنیا نیوز ) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے قومی کھلاڑیوں کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ پر مشاورت کا آغاز کر دیا۔
ذرائع کے مطابق رواں سال سینٹرل کنٹریکٹ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے ، یاسر شاہ ، نعمان علی، خوشدل شاہ ،عثمان قادر، فواد عالم اور زاہد محمود کا کنٹریکٹ برقرار رکھنا مشکل ہے جبکہ حارث رؤف اور نسیم شاہ کو کنٹریکٹ میں ترقی ملنے کا امکان ہے۔
سابق کپتان اظہر علی ریٹائرڈ ہونے پر کنٹریکٹ سے باہر ہو گئے ہیں، افتخار احمد، صائم ایوب، احسان اللہ، اسامہ میر اور زمان خان کو کنٹریکٹ دیا جائے گا۔
کپتان بابر اعظم کی امریکا سے وطن واپسی اور سینئر کھلاڑیوں سے مشاورت کے بعد کنٹریکٹ کو حتمی شکل دی جائے گی۔
خیال رہے کہ قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ 30 جون کو ختم ہو رہے ہیں، اس لیے پی سی بی نے اگلے ایک سالہ مدت کے لیے نئے کنٹریکٹ کے حوالے سے کام شروع کر دیا ہے۔
سینٹرل کنٹریکٹ میں ریڈ بال اور وائٹ بال کیٹگریز کو جاری رکھنے پر بھی مشاورت جاری ہے۔