انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کے 73 ویں ایڈیشن کا آغاز

Published On 16 June,2023 05:31 am

لندن : ( ویب ڈیسک ) انگلینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کے 73 ویں ایڈیشن کا آغاز آج سے ہوگا۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ ( ای سی بی )کے مطابق مینز ایشز سیریز کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

شیڈول کے مطابق پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج ایجبسٹن ، برمنگھم میں شروع ہوگا، دوسرا ٹیسٹ 28 جون سے 2 جولائی تک لارڈز ، لندن، تیسرا میچ 6 سے 10 جولائی ہیڈنگلے ،لیڈز، چوتھا ٹیسٹ میچ 19 سے 23 جولائی تک ایمرٹس اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر جبکہ پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ 27 سے 31 جولائی تک اوول ، لندن کے میدان میں کھیلا جائے گا۔

یہ سیریز مجموعی طور پر 73ویں ایشز سیریز اور انگلینڈ میں ہونے والی 37ویں سیریز ہوگی، آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے گزشتہ ایشز سیریز میں انگلینڈ کی ٹیم کو 0-4 سے شکست دی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 72 ایشز سیریز ہوچکی ہیں جن میں سے 34 میں آسٹریلیا نے فتح حاصل کی جبکہ 32 سیریز انگلینڈ کے نام رہیں ۔6 ایشز سیریز بے نتیجہ رہیں۔