سابق آسٹریلوی سٹار بلے باز میتھیو ہیڈن بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹانے پر مایوس

Published On 17 November,2023 11:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آسٹریلیا کے سابق سٹار بلے باز اور قومی ٹیم کے سابق مینٹور میتھیو ہیڈن نے بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹانے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں قومی ٹیم کے سابق مینٹور میتھیو ہیڈن نے کہا کہ جس نے بھی بابر اعظم کی کپتانی کا فیصلہ کیا ہے اس نے ان حقائق کو نظر انداز کیا ہے کہ بطور کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ اوسط 50 سے زائد ہے۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم ایک ورلڈ کلاس کھلاڑی ہے، وہ ایک قدرتی لیڈر ہے اور میرا خیال ہے کہ اس کی قائدانہ صلاحیتوں پر وقت سے پہلے ہی انگلیاں اٹھائی گئیں۔

میتھیو ہیڈن کا مزید کہنا تھا کہ بابر اعظم دنیائے کرکٹ پر چھا جانے والا کھلاڑی ہے، میں بابر کو کپتانی سے ہٹانے پر مایوس بھی ہوں اور حیرت زدہ بھی۔