کینبرا: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر ابرار احمد کینگروز کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل ہی انجری کا شکار ہو گئے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر ابرار احمد نے اپنے دائیں پیر میں تکلیف کی شکایت کی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ابرار احمد کو تکلیف پرائم منسٹر الیون کے خلاف چار روزہ میچ کے تیسرے دن 8 اوورز کرانے کے بعد ہوئی جس کے سبب انہیں میدان سے باہر جانا پڑا۔
پی سی بی کے مطابق 25 سالہ ابرار احمد کو ایم آر آئی سکین کے لیے بھیجا گیا اور میڈیکل پینل کی جانب سے ایم آر آئی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد ان کے بارے میں مزید معلومات سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
ابرار احمد نے پرائم منسٹر الیون کے خلاف اب تک 27 اوورز کیے ہیں جبکہ یہ چار روزہ میچ ٹیسٹ سیریز کی تیاری کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز 14 دسمبر سے 7 جنوری تک کھیلی جائے گی۔