بانی پی ٹی آئی کا 5 سالہ نااہلی کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

Published On 07 December,2023 03:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی نے پانچ سال کی نا اہلی کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے بیرسٹر گوہر اور علی ظفر کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 8 اگست 2023 کو پانچ سال کیلئے بطور رکن اسمبلی نااہل کیا، الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کو الیکشن سے باہر کرنے کیلئے جلد بازی میں غیر قانونی اقدام کیا۔

درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہو چکا ہے، درخواست گزار الیکشن میں حصہ لینا چاہتا ہے، درخواست گزار پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کے جانب سے پانچ برس کی نااہلی کو کالعدم قرار دے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک نااہلی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔