اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق درخواستوں پر سماعت آج ہو گی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے درخواستوں پر آج بروز جمعرات صبح 10 بجے سماعت کرے گا، انٹرا پارٹی انتخابات کیخلاف درخواستیں اکبرایس بابر سمیت 11 افراد کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد 2 دسمبر کو ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات میں بیرسٹر گوہرعلی خان کو بلامقابلہ چیئرمین پی ٹی آئی منتخب کیا گیا تھا۔
بلوچستان سے منیر احمد بلوچ، پنجاب سے یاسمین راشد، سندھ سے حلیم عادل شیخ، خیبرپختونخوا سے علی امین گنڈا پور کو صدر منتخب کیا گیا ہے، عمر ایوب خان مرکزی سیکرٹری جنرل بن گئے۔
دوسری جانب انٹرا پارٹی الیکشن کے 3 روز بعد تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے الیکشن کو چیلنج کر دیا، ان کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ پی ٹی آئی الیکشن محض دکھاوا، فریب اور الیکشن کمیشن کو دھوکہ دینے کی ناکام کوشش تھی۔
اکبر ایس بابر نے مزید کہا ہے کہ فراڈ انتخابی عمل نے پی ٹی آئی ارکان کو ووٹ دینے اور انتخاب میں حصہ لینے کے حق سے محروم کر دیا، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن ایکٹ 217 کے سیکشن 208 اور ذیلی شق 2 کی خلاف ورزی ہے۔