لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے انجری سے نجات پالی جبکہ مسڑی سپنر ابرار احمد اور خرم شہزاد کا لاہور میں ری ہیب شروع ہوگیا۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق لیگ سپنر شاداب خان کا ری ہیب مکمل ہو گیا اور بورڈ کے میڈیکل پینل نے انہیں فٹ قرار دے دیا، شاداب خاب 5 ہفتے کے ری ہیب کے بعد فٹ ہوئے ہیں۔
دوسری جانب دورہ آسٹریلیا میں فٹنس مسائل سے دوچار ہونے والے سپنر ابرار احمد اور فاسٹ باؤلر خرم شہزاد کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں میڈیکل پینل کی زیر نگرانی ری ہیب شروع کرا دیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق ابرار احمد آسٹریلیا میں پرائم منسٹر الیون کے خلاف میچ میں دائیں ٹانگ میں درد پر سیریز سے باہر ہوئے تھے جبکہ خرم شہزاد آسٹریلیا کیخلاف پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے بعد سٹریس فریکچر کا شکار ہو گئے تھے۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق شاداب خان کو قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ میں ٹخنے کی انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔