لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے سپنر اسامہ میر نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میں موقع ملا ہے کچھ نیا کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسامہ میر کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے بعد مجھ پر خاصی تنقید ہوئی لیکن اپنے اوپر ہونے والی تنقید کو مثبت انداز میں لیتا ہوں، جو غلط کیا اس کو میں خود ٹھیک کروں گا اور کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔
قومی کرکٹر نے کہا کہ غلطیاں درست کرنے کا سب سے بڑا جج میں خود ہوں، خراب پرفارمنس کو ذہن پر سوار نہیں کرنا چاہتا، کراچی کنگز کے خلاف ملتان سلطانز کے باؤلنگ یونٹ نے اچھا پرفارم کیا ہے، شعیب ملک سپنرز کو اچھا کھیلتے ہیں، ان کیخلاف باؤلنگ کی اور وکٹ بھی حاصل کی۔
اسامہ میر کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بھی اچھی باؤلنگ کے سلسلے کو جاری رکھنے کی کوشش کروں گا، کسی ایک کھلاڑی کو ہدف نہیں بنایا، کوشش ہے کہ لائن و لینتھ پر باؤلنگ ہو۔