گلیڈی ایٹرز کیخلاف میچ میں سپنر کو بہت مس کیا: بابر اعظم

Published On 18 February,2024 10:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ 9 کے اپنے پہلے میچ میں شکست کے بعد پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ آئندہ میچز میں اچھا کریں۔

قذافی اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک سپنر کو مس کیا، پہلے 6 اوورز اچھے نہیں کیے، ڈیتھ اوورز میں ہمیں اس سے بہتر کرنا چاہیے تھا۔

انکا کہنا تھا کہ وکٹیں گرنے سے میں تھوڑا سلو ہوا صورتحال کے مطابق چلنا پڑتا ہے، آغاز ہم نے اچھا کیا تھا رن ریٹ کے مطابق تھے، نوجوان بولر محمد ذیشان کے بارے میں بات کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ذیشان جتنا کھیلیں گے بہتر ہوں گے۔

ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کے فیصلے سے متعلق بابر اعظم نے کہا کہ فریش پچ تھی اور موسم بھی ایسا تھا کہ پہلے بولنگ کرنا بنتا تھا، جیسن رائے اور سعود شکیل کو کریڈٹ دینا چاہیے، بولنگ کا فیصلہ درست تھا رنز کچھ زیادہ کروادیے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہوم گراؤنڈ میں فینز کے سامنے کھیلنا اچھا لگتا ہے، بہتر کرنے کی کوشش کرتا ہوں پریکٹس کرتا رہتا ہوں، ہمیشہ پازیٹو رہ کر آگے بڑھتا ہوں۔ 

Advertisement