پی ایس ایل 9: کراچی میں ہونیوالے میچز کیلئے سکیورٹی پلان مرتب

Published On 27 February,2024 12:17 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ پولیس نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے کراچی میں ہونے والے میچز کے حوالے سے سکیورٹی پلان مرتب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس نے بتایا ہے کہ ایس ایس یو کے ایک ہزار کمانڈوز بمعہ لیڈی کمانڈوز تعینات کیے جائیں گے، سکیورٹی پلان 28 فروری سے 18 مارچ تک پی ایس ایل 9 کے میچز کے حوالے سے تیار کیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس، سپیشل برانچ، ڈسٹرکٹ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔

ریپڈ رسپانس فورس اور سندھ رینجرز بھی ڈیوٹی سر انجام دینے والوں میں شامل ہے، کمانڈوز کو سٹیڈیم، پریکٹس گراؤنڈ، ایئرپورٹ، روٹس، ہوٹلزاور دیگرمختلف مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔

سندھ پولیس کے مطابق ماہر نشانہ باز بھی حساس مقامات پر تعینات کیے جائیں گے، ایس ایس یو کی کمانڈ اینڈ کنٹرول بس سٹیڈیم کے اطراف میں امن و امان کی نگرانی کے لیے تعینات ہو گی۔

پولیس کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ ایس ایس یو کی سپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہے گی۔

سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ عوام الناس کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے میچز کے دوران تمام سڑکیں اور شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی۔ 

Advertisement