جویریہ خان کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

Published On 21 March,2024 08:06 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان جویریہ خان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

جویریہ خان نے اپنے 15 سالہ ون ڈے کیرئیر کا آغاز 6 مئی 2008 کو سری لنکا کے خلاف ویمنز ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی کیرئیر کا آغاز 2009 میں آئرلینڈ کے خلاف ڈبلن میں میچ سے کیا تھا۔

جویریہ نے 228 بین الاقوامی میچز میں پاکستان ویمنز ٹیم کی نمائندگی کی اور 4,903 رنز بنائے جس میں 2 سنچریاں اور 25 نصف سنچریاں شامل ہیں، انہوں نے 28 بین الاقوامی وکٹیں بھی حاصل کیں۔

جویریہ نے 17 ون ڈے اور 16 ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتانی بھی کی، انہوں نےخواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دو ایڈیشنز (2018 اور 2020) میں ٹیم کی کپتانی کی۔

ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے جویریہ خان نے کہا کہ ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے اور یہی وقت ہے کہ میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کردوں تاہم میں لیگ کرکٹ کے لیے دستیاب رہوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے پورے کیرئیر میں ملنے والی حمایت پر شکر گزار ہوں، میں اپنے خاندان، ٹیم کی ساتھیوں، پاکستان کرکٹ بورڈ، اپنے ادراے کا ہر قدم پر تعاون اور رہنمائی کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔