محسن نقوی کی سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا حتمی پلان جلد پیش کرنے کی ہدایت

Published On 20 March,2024 10:54 am

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے 3 سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا حتمی پلان جلد پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں سی او او پاکستان کرکٹ بورڈ سلمان نصیر، ڈائریکٹر انفرا اسٹرکچر پی سی بی، جنرل منیجر نیسپاک اور متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران نیسپاک حکام کی جانب سے قذافی سٹیڈیم لاہور، نیشنل سٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے ابتدائی ڈیزائنز پیش کئے گئے۔

حکام نے محسن نقوی کو تینوں سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے ابتدائی ڈیزائنز کے بارے بریفنگ دی، چیئرمین پی سی بی نے بورڈ حکام کے ساتھ ابتدائی ڈیزائنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے تینوں سٹیڈیمز میں شائقین کرکٹ کے لیے سہولتوں کی بہتری کے لیے نیسپاک حکام کو ضروری ہدایات دیں اور اپ گریڈیشن کا حتمی پلان جلد تیار کر کے پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نیشنل سٹیڈیم کراچی، قذافی سٹیڈیم لاہور اور راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا، سہولتوں کی بہتری کے ساتھ میچ ویوو کو بہتر بنانے کا پلان بھی تیار کیا جائے گا، چیمپئنز ٹرافی سے قبل تینوں بڑے سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن ہو گی۔