کراچی: (دنیا نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 9 کے فائنل میچ میں ملتان سلطانز کیخلاف کامیابی حاصل کرنے والے اسلام آباد یونائیٹڈ ٹیم کے پاکستانی کھلاڑیوں کی فلسطینی کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جشن منانے کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میچ میں ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر اسلام آباد یونائیٹڈ نے تیسری بار ٹائٹل کا تاج اپنے سر سجا لیا ہے۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے فائنل میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے 160 رنز کا ہدف آخری گیند پر پورا کیا۔
چیمپئن بننے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے پاکستان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی شاندار فتح کے موقع پر مظلوم فلسطینیوں کو نہیں بھولے اور اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے دوران متاثر ہونے والے فلسطینی شہریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
فتح کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں نے فلسطینی جھنڈے لہراتے ہوئے گراؤنڈ کا چکر لگایا، اس دوران سٹیڈیم فلسطین کے حق میں نعروں سے گونج اٹھا، فلسطین کے جھنڈے صرف اسلام آباد کے پاکستانی کھلاڑیوں نے تھام رکھے تھے۔