کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن رضا نقوی نے ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 9 کی چیمپئن بننے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کو مبارکباد دی ہے۔
اپنے ایک بیان میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کر کے پی ایس ایل 9 کا فائنل جیتا، ملتان سلطانز نے بھی بہترین کھیل پیش کیا، پاکستان سپر لیگ 9 کے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن رضا نقوی نے مزید کہا ہے کہ کسی بھی ٹیم کی فتح سے قطع نظر آج پرامن اور کھیلوں سے محبت کرنے والے پاکستان کی جیت ہوئی ہے، تمام اداروں کی دن رات کی محنت کا نتیجہ ہے کہ میگا ایونٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔
واضح رہے کہ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے فائنل میچ میں ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر اسلام آباد یونائیٹڈ نے تیسری بار ٹائٹل کا تاج اپنے سر سجا لیا ہے۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے فائنل میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے 160 رنز کا ہدف آخری گیند پر پورا کیا۔