کراچی: (دنیا نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 9 ویں سیزن کے فائنل میں شکست کھانے کے باوجود ملتان سلطانز کے کھلاڑی اہم ایوارڈز جیت گئے۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے فائنل میچ میں ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر اسلام آباد یونائیٹڈ نے تیسری بار ٹائٹل کا تاج اپنے سر سجا لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وننگ شارٹ کھیلنے والے حنین شاہ میدان میں آبدیدہ ہو گئے
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے فائنل میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے 160 رنز کا ہدف آخری گیند پر پورا کیا۔
تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کی کروڑوں روپے کی انعامی رقم کی بھی حقدار قرار پائی، چمچماتی ٹرافی کے ساتھ ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ کو 14 کروڑ اور ملتان سلطانز کو 5 کروڑ 60 لاکھ روپے کیش انعام ملا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی جیت کے جشن میں مظلوم فلسطینیوں کو نہ بھولے
پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے فائنل میں شکست کھانے کے باوجود ملتان سلطانز کے کھلاڑی اہم ایوارڈز جیت گئے، ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز کا ایوارڈ ملتان سلطانز کے عثمان خان جبکہ بہترین باؤلر کا ایوارڈ بھی ملتان سلطانز کے ہی اسامہ میر کے نام رہا۔
عثمان خان اور اسامہ میر کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں نے بھی پاکستان سپر لیگ کے سیزن 9 میں شاندار کارکردگی دکھائی اور اپنی بیٹنگ، باؤلنگ اور آل راؤنڈ پرفارمنسز سے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: آج کھیلوں سے محبت کرنے والے پاکستان کی جیت ہوئی: چیئرمین پی سی بی
میگا ایونٹ کے فائنل کے پلیئر آف دی میچ اسلام آباد کے عماد وسیم قرار پائے، پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو دیا گیا، رواں سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے پر بابر اعظم نے حنیف محمد کیپ جیتی جبکہ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے اسامہ میر نے فضل محمود کیپ اپنے نام کی۔
کراچی کنگز کے عرفان خان نیازی ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ اور بہترین فیلڈر کے ایوارڈز جیتنے میں کامیاب ہو گئے، پشاور زلمی کے صائم ایوب آل راؤنڈر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے اعظم خان بہترین وکٹ کیپر قرار پائے، سپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ پشاور زلمی کو دیا گیا، بہترین امپائر کا ایوارڈ آصف یعقوب کے نام رہا۔