پی ایس ایل 9: اسلام آباد ٹرافی کے ساتھ بھاری انعامی رقم بھی لے اڑا

Published On 19 March,2024 02:36 am

کراچی: (دنیا نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 9 کا ٹائٹل جیتنے اور رنر اپ ٹیم کو انعام میں کتنی رقم ملی اس کی تفصیل سامنے آ گئی ہے۔

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے فائنل میچ میں ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر اسلام آباد یونائیٹڈ نے تیسری بار ٹائٹل کا تاج اپنے سر سجا لیا ہے۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے فائنل میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے 160 رنز کا ہدف آخری گیند پر پورا کیا۔

تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کی کروڑوں روپے کی انعامی رقم کی بھی حقدار قرار پائی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کو چمچماتی ٹرافی کے ساتھ ساتھ 14 کروڑ روپے کی انعامی رقم بھی ملی جبکہ ملتان سلطانز کو 5 کروڑ 60 لاکھ کیش انعام میں ملے ہیں۔