لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والی ٹی 20 سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کل ہوگا۔
قومی سلیکشن کمیٹی نے سکواڈ کے حوالے سے کپتان بابراعظم سے مشاورت مکمل کر لی، نیوزی لینڈ کے خلاف قومی سکواڈ کے 18 رکنی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان 9 اپریل کو کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، شاداب خان اور افتخار احمد سکواڈ کا حصہ ہونگے، اعظم خان،شاہین شاہ آفریدی ،نسیم شاہ اور زمان خان کو بھی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ابرار احمد اور اسامہ میر میں سے ایک کھلاڑی سکواڈ کا حصہ بنے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد عثمان، عماد وسیم اور محمد عامر سکواڈ کا حصہ ہوں گے، عرفان نیازی یا عباس آفریدی کو بھی نیوزی لینڈ کے خلاف موقع دیا جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان، وسیم جونیئر اور فخر زمان بھی سکواڈ میں شامل ہونگے جبکہ حارث رؤف انجری کے باعث سکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
سیریز میں لوکل کوچز خدمات سرانجام دیں گے
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ کیویز کیخلاف سیریز میں لوکل کوچز خدمات سرانجام دینگے جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیم مینجمنٹ کا اعلان بھی ایک دو روز تک متوقع ہے، محمد یوسف کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں عبوری ہیڈ کوچ بنائے جانے کا قوی امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ سلیکشن کمیٹی کے رکن عبد الرزاق بھی کوچنگ ٹیم کا حصہ ہوں گے جبکہ سابق فاسٹ باؤلر عمر گل اور سپنر سعید اجمل کے بھی نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں کوچنگ ٹیم کا حصہ ہونے کا امکان ہے۔
بورڈ ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ کے غیر ملکی ہیڈ کوچز کا اعلان 15 اپریل کے بعد کیا جائے گا، اسسٹنٹ کوچ کا اعلان 20 اپریل کے بعد ہو گا۔
واضح رہے کہ قومی ٹی 20 سکواڈ کے کھلاڑی 14 اپریل کو اسلام آباد میں رپورٹ کریں گے جبکہ کیوی ٹیم 14 اپریل کی صبح اسلام آباد لینڈ کرے گی، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 18 اپریل کو راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔