لاہور: (دنیا نیوز) نیشنل ویمنز ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ آج بروز بدھ سے فیصل آباد میں شروع ہو گا، ٹورنامنٹ میں 6 ریجنل ٹیمیں حصہ لیں گی۔
گزشتہ سیزن میں ٹورنامنٹ پاکستان کپ ویمنز کرکٹ کے نام سے منعقد ہوتا رہا ہے جس میں تین ٹیمیں بلاسٹرز، چیلنجرز اور ڈائنامائٹس حصہ لیتی رہی ہیں لیکن پی سی بی نے خواتین کرکٹ کے فروغ کیلئے اس سال چھ ٹیموں کو شامل کیا ہے۔
ٹورنامنٹ میں کراچی، لاہور، ملتان، پشاور، کوئٹہ اور راولپنڈی کی ٹیمیں شامل ہیں، تمام ٹیموں کو دس میچز کھیلنے کو ملیں گے، عمیمہ سہیل کراچی ریجن، کائنات حفیظ لاہور، صائمہ ملک کوئٹہ، ہمنہ بلال ملتان، گل رخ پشاور اور ماہنور آفتاب راولپنڈی کی قیادت کریں گی۔
30 لیگ میچوں کے بعد دو سرفہرست ٹیمیں 11 مئی کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی، اہم ایونٹ کے میچز جواد کلب کرکٹ گراؤنڈ اقبال سٹیڈیم اور بوہڑنوالی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے، سعید اجمل اکیڈمی گراؤنڈ کو ریزرو میں رکھا گیا ہے۔
پاکستان کپ ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو سلور ٹرافی اور 10 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا جبکہ رنرز اپ ٹیم کو پانچ لاکھ روپے ملیں گے۔