لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے 10 ویں ایڈیشن کے پلے آف میچز بیرون ملک نئے وینیوز پر کروانے کی تجویز سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق پلے آف کے 4 میچز کیلئے انگلینڈ کے 3 وینیوز کی تجویز سامنے آئی ہے، بیرون ملک نئے وینیوز میں مانچسٹر، برمنگھم اور اوول لندن شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرون ملک پلے آف کرانے سے پی ایس ایل کو کئی معاملات میں فائدہ ہو سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے براڈکاسٹرز میں انگلینڈ کا اہم براڈ کاسٹر شامل ہے، انگلینڈ کے براڈ کاسٹر کی وجہ سے پی ایس ایل کو فائدہ ہوگا، انگلینڈ کے نیوٹرل وینیو کا مقصد پاکستان اور بھارت کے شائقین کی توجہ حاصل کرنا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ایس ایل کی جنرل کونسل کے اجلاس میں آسٹریلیا کے وینیوز پر بھی بات ہوئی ہے، پی ایس ایل کے پلے آف میچز کیلئے نیوٹرل وینیو پر مزید مشاورت کی جائے گی، اس پر پی ایس ایل کی ونڈو اور نیوٹرل وینیو پر گورننگ کونسل کے اجلاس میں بات ہوگی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کا اجلاس مئی کے تیسرے ہفتے میں متوقع ہے جبکہ پی ایس ایل سیزن 10 کیلئے 7 اپریل سے 20 مئی کی ونڈو تجویز کی گئی ہے۔