آسٹریلیا کا بھارت سے ٹیسٹ سیریز کیلئے بھی انڈین فین زونز بنانے کا فیصلہ

Published On 14 May,2024 10:59 am

میلبرن: (ویب ڈیسک) کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے بعد بھارت کیخلاف سیریز میں بھی فین زونز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے بارڈر گواسکر ٹرافی کے تمام وینیوز پر انڈین فین زونز بنانے کا اعلان کیا ہے۔

بارڈر گواسکر ٹرافی کے لیے آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں 5 ٹیسٹ میچز میں آمنے سامنے ہوں گی، سیریز کے تمام 5 ٹیسٹ میچز کے وینیوز میلبرن کرکٹ گراؤنڈ، سڈنی کرکٹ گراؤنڈ، گابا، پرتھ اور ایڈیلیڈ سٹیڈیمز میں انڈین فینز کے لیے مخصوص سیٹنگ ایریا ہوگا۔

کرکٹ آسٹریلیا جلد ہی انڈین فین زونز کی ٹکٹوں کی تفصیلات بھی شیئر کرے گا، ان فین زونز میں ڈھول لانے کی اجازت ہو گی۔

بارڈرگواسکر ٹرافی کو مزید مسابقتی بنانے کے لیے کرکٹ آسٹریلیا نے یہ فیصلہ کیا ہے، بارڈرگواسکر ٹرافی کا پہلا ٹیسٹ 22 نومبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے گزشتہ سال باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوران ایم سی جی کے باہر پاکستان فین زون بنایا گیا تھا جہاں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے جوش وخروش کا مظاہرہ کیا تھا۔

پاکستان نے رواں سال بھی آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے اور اس دورے میں 6 وائٹ بال سیریز کے میچز شامل ہیں جن کے لیے بھی فین زونز بنانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔