ایمسٹراڈم :(ویب ڈیسک ) دنیائے کرکٹ کے ایک ایسے کھلاڑی بھی ہیں جن کا گھر ہی سٹیڈیم میں موجود ہے اور انہیں اکثر میچز کیلئے منفرد قسم کا ’ہوم ایڈوانٹیج‘ حاصل ہوتا ہے۔
میچ گراؤنڈ میں ہی گھر ہونا کسی بھی کرکٹر کے لیے خواب جیسا ہو سکتا ہے اور نیدرلینڈز ٹیم کے فاسٹ بولر ویوین کنگما یہ خواب جی رہے ہیں۔
ویوین کنگما کا گھر نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ کے سپورٹپارک ویسٹ ویلیٹ کرکٹ سٹیڈیم کے عقب میں واقع ہے جہاں نیدرلینڈز کی ٹیم ان دنوں آئرلینڈ اور سکاٹ لینڈ کے خلاف ٹرائی سیریز کھیل رہی ہے۔
کنگما کا گھر اس سٹیڈیم کے عقبی حصے میں ہے جو گراؤنڈ سے براہ راست جڑا ہوا ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر نیدرلینڈز کرکٹ کے آفیشل سوشل میڈیا چینل نے حال ہی میں ایک ویڈیو اپ لوڈ کی ہے جس میں کنگما کو اپنے گھر سے نکل کر سیدھے گراؤنڈ میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
سیریز میں جہاں ویوین کنگما اس طرز زندگی سے لطف اندوز ہورہے ہیں وہیں اس کا اثر میچز میں ان کی بہتر کارکردگی سے بھی نظر آرہا ہے، نیدرلینڈز کے سکاٹ لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں ویوین نے 4 وکٹیں حاصل کیں اور پلیئر آف دی میچ کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
واضح رہے کنگما کی رہائش گاہ پر کرکٹ شائقین بھی خوب تبصرے کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔