نیودہلی :(دنیا نیوز) بھارت میں خاتون ڈاکٹر کو ہراساں کرنے والے شخص کو گرفتار کرنے پولیس موبائل لے کر ہسپتال کے وارڈ میں آگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ عجیب وغریب واقعہ نیو دہلی کے ہسپتال میں پیش آیا، جہاں پولیس کی گاڑی ہجوم سے بھرے ایمرجنسی وارڈ میں داخل ہوئی تو دونوں طرف بستروں پر موجود مریض اور ان کے اہلخانہ گھبرا گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس کی گاڑی کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل ہوتے ہی وہاں افراتفری مچ گئی،اس موقع پر ہسپتال کا عملہ پولیس کی گاڑی کے لیے جگہ بناتا رہا، راستہ بنانے کے لیے وارڈ میں موجود مریضوں اور سٹریچر کو بھی دھکا دیا گیا۔
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ ہسپتال کے نرسنگ آفیسر نے آپریشن تھیٹر میں مبینہ طور پر خاتون ڈاکٹر کو جنسی طور پر ہراساں کیا تھا،ملزم پر الزام ہے کہ اس نے خاتون ڈاکٹر کو مبینہ طور پر فحش ایس ایم ایس بھیجا تھا۔
بھارتی پولیس کے مطابق ہسپتال کے ڈاکٹروں نے بھی اس جنسی ہراسگی کے مبینہ واقعے کے خلاف احتجاج کیا اور ملزم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔