بھارت: نابالغ لڑکے نے بی جے پی کو 8 ووٹ ڈال دیئے

Published On 21 May,2024 09:15 am

اتر پردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں جاری لوک سبھا کے الیکشن دنیا بھر میں مذاق بن گئے، اتر پردیش میں ایک نابالغ لڑکے نے بی جے پی کو 8 ووٹ ڈال دیئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں جاری لوک سبھا الیکشن کے پانچویں مرحلے میں اتر پردیش میں پولنگ کے دوران حکمران جماعت بی جے پی کی جانب سے دھاندلی کی ایک ایسی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس نے پورے بھارت میں سیاسی ہلچل مچا دی ہے۔

یہ ویڈیو سماج وادی پارٹی کے صدر اور یو پی کے سابق چیف منسٹر اکھلیش یادو نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے جس کو کانگریس نے بھی ری ٹویٹ کیا ہے۔

اس ویڈیو میں ایک نا بالغ لڑکے کو حکمران جماعت بی جے پی کو ایک یا دو بار نہیں بلکہ 8 بار ووٹ ڈالتے ہوئے دکھایا گیا ہے، وہ بار بار پولنگ بوتھ پر آتا ہے اور ہر بار بی جے پی امیدوار مکیش راجپوت کو ووٹ دیتا ہے۔

ای وی ایم مشین پر لکھے گئے امیدواروں کے ناموں کو یہ واضح ہوتا ہے کہ ویڈیو فرخ آباد کے علی گنج اسمبلی کے ایک گاؤں کے پولنگ سٹیشن کی ہے اور تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ووٹ دینے والا لڑکا نابالغ یعنی ووٹ دینے کا اہل نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اتر پردیش کے چیف الیکٹورل آفس نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ضلع الیکشن افسر کو فوری کارروائی کا حکم دیا ہے جبکہ اس معاملے پر پولیس نے مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔