ایک گھرانے کےووٹرز کیلئے کوہ ہمالیہ پر قائم ہونے والا منفرد پولنگ سٹیشن

Published On 21 May,2024 01:16 pm

نیو دہلی :(ویب ڈیسک) انڈیا میں عام انتخابات کی مرحلہ وار پولنگ کے دوران ایک ایسے خاندان نے بھی اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا ہے جو دور دراز پہاڑوں میں رہتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ ایک خاندان کے پانچ افراد ہیں جو کوہ ہمالیہ میں واقع گاؤں ورشی میں رہتے ہیں،ان کے لیے الگ پولنگ سٹیشن کا انتظام کیا گیا اور الیکشن کمیشن کے عملے کے افراد سات گھنٹے کا سفر کر کے ان تک پہنچے۔

اس خاندان کے ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے انتخابی عملے کو فوج سے عارضی طور پر بجلی کا کنکشن حاصل کرنا پڑا، انتخابی عملے کے ارکان اتوار کو انڈیا کی فیڈرل ٹیریٹری لداخ کے شہر لیہہ سے پولنگ کا سامان لے کر اس علاقے کی جانب روانہ ہوئے جہاں 23 سالہ رِنچن، ان کے والدین اور دادا دادی رہتے ہیں۔

واضح رہے ورشی گاؤں سیاچن گلیشیئر سے 20 کلومیٹر فاصلے پر واقع ہے، یہاں تک سڑک کے ذریعے رسائی ممکن تو ہے لیکن بجلی، صحت اور انٹرنیٹ کی سہولیات نہیں ہیں۔