الاسکا :(ویب ڈیسک )امریکی ریاست الاسکا میں ایک 70 سالہ شخص بارہ سنگھے کے دو نوزائیدہ بچوں کی تصاویر لینے کی کوشش کر رہا تھا جب ماں نے حملہ کر کے اسے ہلاک کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق الاسکا کے محکمہ برائے پبلک سیفٹی کے ترجمان آسٹن میک ڈینیل نے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والے شخص کا نام ڈیل چورمین ہے جو ہومر شہر کے رہائشی تھے۔
آسٹن میک ڈینیل نے ہلاک ہونے والے شخص کے حوالے سے بتایا کہ وہ بارہ سنگھے کی تلاش میں جھاڑیوں میں سے گزر رہے تھے جب مادہ نے ان پر حملہ کیا، بارہ سنگھے نے اس وقت حملہ کیا جب ڈیل چورمین اور ان کے ساتھی نے بھاگنا شروع کر دیا تھا، تاہم دوسرے شخص کو کسی قسم کی چوٹ نہیں آئی۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ دوسرے شخص نے حملہ ہوتے ہوئے نہیں دیکھا تھا لہٰذا یہ نہیں کہا جا سکتا کہ باریہ سنگھے نے ڈیل چورمین کو لاتیں یا سینگ مار کر ہلاک کیا،طبی عملے نے ڈیل چورمین کو موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا تھا۔
واضح رہے سال 1995 میں بھی ایسی ہی نوعیت کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جب بارہ سنگھے نے یونیورسٹی آف الاسکا کی عمارت میں داخل ہونے والے 71 سالہ شخص پر حملہ کر کے اسے ہلاک کر دیا تھا۔