پیرس :(دنیا نیوز) فرانسیسی شہر کانز میں ایک فائیو سٹار ہوٹل کی انتظامیہ مہمانوں کو تنگ کرنے والے شرارتی کبوتروں کو بھگانے کیلئے باز استعمال کرتی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کانز کے اس فائیوسٹار ہوٹل کے اطراف میں سینکڑوں کی تعداد میں کبوتر سارا دن مٹر گشت کرتے نظر آتے ہیں ، نہ صرف یہ بلکہ یہ کبوتر مہمانوں کی کھانے کی میز تک پہنچ کر انہیں کھانا کھانے کے دوران نہ صرف پریشان کرتے ہیں بلکہ ان کی کھانے کی اشیاء بھی اٹھا کر لے جاتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہوٹل انتظامیہ کو کبوتروں کی ان حرکات کی متعدد بار ہوٹل میں قیام پذیر مہمانوں نے شکایات کیں ، ان شکایات سے عاجز آ کر ہوٹل انتظامیہ نے ان شرارتی کبوتروں سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ، ہوٹل انتظامیہ نے اپنے فیصلہ میں طے پایا کہ ان کبوتروں کا مقابلہ کرنےکیلئے پرندوں کی فورس بنائی جائے جو انہیں بھاگنے کا کام انجام دے۔
ہوٹل انتظامیہ نے ہوٹل کی چھت پر باز پال لئے جو اب ان شرارتی کبوتروں کو ہوٹل کے قریب نہیں آنے دیتےاور جب کوئی کبوتر یہاں کا رُخ کرتا ہے تو انہیں بھگا دیتے ہیں۔
انتظامیہ کا اس حوالے سے اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ ان کے اس اقدام سے جہاں مہمانوں کی شکایات کم ہوئیں ہیں وہاں انہوں نے بھی سکھ کا سانس لیا ہے۔