کھٹمنڈو:(دنیا نیوز) نیپال کی خاتون کوہ پیما نے 14 گھنٹے 31 منٹ میں دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سب سے کم وقت میں سر کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق عام طور پر آٹھ ہزار آٹھ سو 49 میٹر (29 ہزار فٹ) بلند چوٹی کو سر کرنے میں چند دن لگ جاتے ہیں اور مہم کے دوران کوہ پیما مختلف مقامات پر کیمپس میں رات گزارتے یا آرام کرتے ہیں۔
فنجو لاما 2021 میں بننے والے اس ریکارڈ سے 11 گھنٹے قبل چوٹی تک پہنچنے میں کامیاب ہوئیں جس کو اب تک کی بہترین اور تیز ترین مہم قرار دیا جاتا تھا جس کا مطلب ہے کہ انہوں نے اپنے ہی ریکارڈ کو مزید بہتر بنایا ہے۔
نیپالی ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ خِم لال گوتم نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ فنجو لاما نے 22 مئی کو بیس کیمپ سے تین بج کر 52 منٹ پر سفر شروع کیا تھا اور 23 مئی کو صبح چھ بج کر 23 منٹ پر مکمل کیا۔
خیال رہے 2018 میں لاما نے بطور خاتون کوہ پیما ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی تک پہنچنے کا تیز ترین ریکارڈ بنایا تھا اور وہ 39 گھنٹے اور چھ منٹ میں وہاں تک پہنچ پائی تھیں۔
یاد رہے لاما کے ریکارڈ کو 2021 میں ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والی ایڈا سینگ یین ہنگ نے توڑ دیا تھا جو 25 گھنٹے اور 50 منٹ میں چوٹی تک پہنچ گئی تھیں۔