مکہ مکرمہ : (ویب ڈیسک ) حج کی آمد سے قبل حسب روایت غلاف کعبہ کو زمین سے 3 میٹر اونچا کردیا گیا۔
حرمین شریفین کے انتظامی امور کی جنرل اتھارٹی نے حج انتظامات کے سلسلے میں غلاف کعبہ کے نچلے حصے کو تقریباً تین میٹر اونچا کر دیا ہے جبکہ خالی ہونے والے حصے کو چاروں اطراف سے تقریباً دو میٹر چوڑے سفید سوتی کپڑے سے ڈھانپ دیا ہے۔
اس کا مقصد حج کے ایام میں غلاف کو کسی بھی قسم کے نقصان سے محفوظ رکھنا ہے، غلاف کعبہ 15 ذی الحج تک زمین سے 3 میٹر اوپر رہے گا۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق مسجد الحرام میں غلاف کعبہ اونچا کرنے کا منظر سیکڑوں عازمین نے دیکھا اوردعائیں کیں، غلاف کعبہ اونچا کرنے کے موقع پر منتظمین ، سعودی حکام اورغلاف ساز کسوہ فیکٹری کے منتظمین سمیت 36 ٹیکنیکل ٹیموں کے ہمراہ 10 کرینیں بھی شامل تھیں۔
ماضی میں عازمین غلاف کعبہ کو چھونے کے ساتھ اس کے ٹکڑے تبرک کے طور پر ساتھ لے جاتے تھے جس سے غلاف کو نقصان پہنچتا تھا۔