نیویارک: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کیلئے یکجا ہو کر کھیلنا ہوگا۔
پی سی بی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت کر قوم کو خوشیاں دینا چاہتا ہوں، ورلڈ کپ جیتنا ہے تو ایک ہو کر کھیلنا ہوگا اور ہر ٹیم کو شکست دینا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں کھیلنا ایک مختلف تجربہ ہوگا، یہ ایک چیلنج ہوگا، صرف انڈیا کا میچ نہیں بلکہ تمام میچ ہمارے لئے اہمیت رکھتے ہیں، افسوس ہے کہ پچھلے دو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بہت قریب آ کر نہ جیت پائے، بحیثیت کپتان آئی سی سی ایونٹ نہ جیتنے کا افسوس ہے۔
بابراعظم کا کہنا تھا کہ اپنے ذاتی ریکارڈ کیلئے نہیں کھیلتا، اولین ترجیح پاکستان ٹیم ہے، فینز پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کریں یہ ہم سب کی ٹیم ہے، اپنے اسٹرائیک ریٹ کو بہتر کرنے پر کافی کام کیا ہے۔
قومی کپتان نے مزید کہا کہ ٹیم کی صورتحال کے حساب سے بیٹنگ کرتا ہوں، میرا بیٹنگ سٹائل ایسا نہیں کہ جاتے ہی چھکے مارنا شروع کر دوں، ٹیم کا ماحول بہت اچھا ہے، سب کا مقصد ورلڈ کپ جیتنا ہے۔