ہوم گراؤنڈز کا معاملہ: افغانستان اور بی سی سی آئی میں معاملات طے پا گئے

Published On 08 June,2024 10:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بھارت کرکٹ بورڈ نے افغانستان کو اپنے میدان ہوم گراؤنڈز یا وینیوز کے طور پر دوبارہ دینے پر رضا مندی ظاہر کر دی، افغانستان اور بی سی سی آئی کے درمیان معاملات طے پا گئے۔

ذرائع کے مطابق افغانستان میں طالبان کی حکومت آنے کے بعد بھارت نے افغانستان کو اپنے گراؤنڈز یا وینیو ان کے ہوم گراؤنڈز کے طور پر استعمال کرنے سے روکا تھا۔

افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اب دوبارہ بھارت کے میدان ہوم وینیوز کے طور پر استعمال کا اعلان جلد متوقع ہے، ورلڈ کپ کے بعد افغانستان اور بنگلا دیش کے مابین سیریز انڈیا میں کھیلے جانے کا اعلان جلد ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین میرویس اشرف اور بھارتی بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ کے مابین ہونے والی ملاقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔