ٹی 20 ورلڈ کپ: بنگلہ دیش نے نیدرلینڈز کو 25 رنز سے شکست دیدی

Published On 13 June,2024 07:37 pm

کنگسٹن:(دنیا نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش نے نیدرلینڈز کو 25 رنز سے شکست دے دی۔

 کنگسٹن میں شیڈول میگا ایونٹ کے 27 ویں میچ سے قبل بارش شروع ہو گئی جس کے سبب ٹاس تاخیر کا شکار ہوا، بارش تھمنے کے بعد نیدر لینڈز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے، شکیب الحسن نے طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے 46 بالز پر 64 رنز بنائے، اوپنر تنزید حسن 35، محمداللہ 25 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

نیدر لینڈز کی جانب سے آریان دت اور پال وین میکرن نے دو دو جبکہ ٹم پرینگل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں نیدر لینڈز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 134 رنز بنا سکی اور اس کے 8 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

نیدرلینڈز کی جانب سے سائبرینڈ اینگل بریخٹ 35 رنز بنا کر نمایاں رہے، وکرمجیت سنگھ 26، کپتان سکاٹ ایڈورڈز 25، مائیکل لیوٹ 18، میکس او ڈوڈ 12، لوگن وین بیک 2، ٹم پرنگل 1 اور باس ڈی لیڈ 0 رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین نے 3، مستفیظ الرحمان، تنظیم حسن ثاقب، تسکین احمد اور محمد اللہ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔