گیانا: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے گیانا میں ہونے والے بھارت اور انگلینڈ کے سیمی فائنل میچ بارش بھی اپنا رنگ جما سکتی ہے۔
گیانا میں 27 جون کو صبح سے لیکر شام 4 بجے تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ آئی سی سی کی جانب سے شیڈولڈ سیمی فائنل کیلئے ریزرو ڈے بھی نہیں رکھا گیا۔
سیمی فائنل میچ کیلئے 250 منٹ کا اضافی وقت ہوگا اور واش آؤٹ ہونے کی صورت میں بھارت فائنل کیلئے کوالیفائی کر جائے گا، بھارت کو سپر 8 گروپ ون میں پہلی پوزیشن کی بنیاد پر فائنل کا حقدار قرار دیا جائے گا۔
آئی سی سی نے انڈین مارکیٹ کی وجہ سے انڈیا کا سیمی فائنل گیانا میں رکھا، گیانا میں میچ مقامی وقت کے مطابق صبح میں شروع ہو گا جو بھارت میں شام کا وقت ہوگا۔
میچ کا آفیشل وقت صبح 10 بجکر 30 منٹ سے دوپہر 1 بجکر 40 منٹ ہے، بارش کی وجہ سے اضافی وقت میں میچ 5 بجکر 50 منٹ تک جاری رہ سکتا ہے۔
بھارت کے علاوہ اگر کوئی اور ٹیم گروپ ون سے ٹاپ کرتی تو وہ ٹرینیڈاڈ میں سیمی فائنل کھیلتی، ٹرینیڈاڈ میں ہونے والے سیمی فائنل کیلئے ریزرو ڈے موجود ہے۔
ٹرینیڈاڈ کے سیمی فائنل کیلئے شیڈولڈ روز 60 منٹ کا اضافی وقت ہوگا، ریزرو ڈے میں صرف 190 منٹ کا وقت رکھا گیا ہے اور مزید اضافی وقت نہیں ہو گا۔