وارنر نے 15 سالہ انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کو خیرباد کہہ دیا

Published On 25 June,2024 01:43 pm

میلبرن: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس کو خیرباد کہہ دیا۔

کرکٹ آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کردی جس کے بعد اب ان کا 15 سالہ انٹرنیشنل کیریئر اختتام کو پہنچ گیا ہے۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 سے باہر ہونے کے بعد بھارت کے خلاف میچ ڈیوڈ وارنر کا آخری میچ ثابت ہوا۔

ڈیوڈ وارنر نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیا تھا، اس سے قبل ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل ڈیوڈ وارنر کے ایک روزہ کیریئر کا آخری میچ تھا، علاوہ ازیں ڈیوڈ وارنر نے جنوری میں پاکستان کے خلاف کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔

واضح رہے کہ جارح مزاج بلے باز ڈیوڈ وارنر نے 110 ٹی 20، 161 ون ڈے اور 112 ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔